Cellular Companies looting on Eid - موبائل فون کمپنیوں کی لوٹ مارشروع، صارفین خبردارہوجائیں، کالز اورتمام میسجز پیکج ختم کردیئے گئے

چترال (ٹی او سی نمائندہ) جہاں ہمارے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ملکی دولت لوٹنے والوں کے لئے جمہوریت ہے وہاں تاجر، صنعت کاروں سے لیکر چھوٹے چھوٹے دکاندار بھی رمضان کریم میں بہتی گنگا میں ہاتھ خوب دھوتے ہیں۔ ماہ رمضان میں خوب لٹنے کے بعد اب عوام کو لوٹنے کی باری ٹیلی کام کمپنیوں کی ہے۔ ملک کی پانچوں سیلولر کمپنیوں نے عید الفطر کے موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے لگائے گئے تمام تر ضابطوں اور قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صارفین کیلئے کال پیکجز کے بعد مختلف میسج پیکجز بھی معطل کردئیے ہیں۔ جوکہ سراسر پی ٹی اے کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

صارفین سے اکھٹے کئے گئے تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی آمد سے دو دن قبل ہی دیگر ناجائز منافع خوروں (بلکہ حرام خوروں ) کی طرح ملک کی تمام سیلولر کمپنیوں نے بھی گٹھ جوڑکرکے صارفین کو ریلیف دینے کی بجائے تمام کال پیکجز اور میسجزپیکیجز ختم کردیئے ہیں جس کا نہ اشتہار دیا گیا نہ صارفین کو کوئی مسیج کے ذریعے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا۔ عید سے قبل صارفین جن یومیہ، ہفتہ وار اوردیگر کال پیکجز سے مستفید ہوتے تھے اب نہیں ہوسکیں گے اور انہیں ہر کال کے لئے کمپنی کی جانب سے من مانے مقرر کردہ زیادہ چارجز ہی ادا کرنا پڑیں گے۔

موبائل صارفین کا پی ٹی اے اور حکومت سے پر زور مطالبہ ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر تمام موبائل کمپنیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے اور عید جیسے قیمتی مذہبی تہواروں میں عوام کو لوٹنے سے روکا جائے۔ ٹائمز آف چترال رپورٹ

Post a Comment

Previous Post Next Post