الیکشن2013 میں دھاندلی ہوئی; انتخابات میں تعینات ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن کا انکشاف
اسلام آباد ( روزنامہ پاکستان) عام انتخابات 2013کے دوران بطور ایڈیشنل
سیکریٹری الیکشن کمیشن خدمات سر انجام دینے
والے محمد افضل خان نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق انہوںنے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں کہا کہ ابتداءمیں انہیں صرف شک تھا کہ عام انتخابات میں بھاری پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے مگر آج انہیں مکمل یقین ہے کہ دھاندلی ہوئی تھی۔ جہاں جہاں کیمرے موجود تھے وہاں دھاندلی نہیں ہوئی باقی ہر جگہ دھاندلی کی گئی۔ موجودہ وفاقی وزیر داخلہ نثار علی خان نے بھی ہزراروں ووٹ ناقابل تصدیق ہونے کا دعویٰ کیا گیاتو میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ ان کو سیل شدہ ووٹوں کے ناقابل شناخت ہونے کا علم کیسے ہو گیا؟ کیونکہ سارے ووٹ تو انتخابات کے بعد سیل ہوتے ہیں، تو کیا چوہدری نثار علی خان دھاندلی میں ملوث تھے؟انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم میرے خہال میں دھاندلی میں عملی طور پر تو ملوث نہ تھے مگر انہوں نے ان معاملات پر آنکھیں بند رکھیں۔ مجموعی طور پر انتخابات میں الیکشن کمیشن، عدلیہ اور انتظامیہ سب ہی نے دھاندلی کروائی، اور اس میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور تصدق حسین جیلانی بھی شامل تھے۔ریٹرنگ افسران کو تعینات کرنا الیکشن کمیشن کا کام تھا مگر افتخار چوہدری نے آر اوز کوتعینات کیا۔ افضل خان نے کہا کہ کراچی میں نتائج تبدیل کئے گئے، صرف ایک ہی پارٹی کی طاقت وہاں کام کرتی ہے اور وہی کامیاب ہوئی اور فخرو بھائی نے وہاں پر بھی آنکھیں بند رکھیں اور ان کو ہوائی فائرنگ کر کے ڈرا دیا گیا۔ پنجاب میںعام انتخابات میں دھاندلی میں جسٹس ریاض کیانی براہ راست ملوث تھے اور نوے فیصد دھاندلی انہوں نے کروائی، ان کی تعیناتی بھی میاں محمد نواز شریف کی ایماءپر کی گئی، جب کہ بلوچستان اور سندھ میں بھی الیکشن کمشنر نے براہ راست مداخلت کی۔لہذا اس الیکشن میں پینتیس پنکچرز نہیں بلکہ کئی پنکچر لگائے گئے اور اس کے بعد ٹربیونلز میں جان بوجھ کر مقدمات کو لٹکایا گیا۔ یاد رہے 2013میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران محمد افضل خان بطور ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن کام کر رہے تھے اور عام انتخابات کے انعقاد سے محض ایک ہفتے بعد ہی ریٹائرڈ ہوئےجبکہ دوسری جانب جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کا کہنا ہے کہ افضل خان کی جانب سے ان پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، افضل خان اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے خواہوں تھے مگر ان کو توسیع نہیں دی جس وجہ سے وہ بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔
Post a Comment