Nawaz Shariff ki chuk chuk gari - by Talat Hussain - نواز شریف کی چھک چھک گاڑی

سید طلعت حسین





میاں محمد نواز شریف کی حکومت ایک قدیم ریل گاڑی کی طرح سست روی سے چھک چھک کرتی ہوئی آہستہ آہستہ پٹری پر چل رہی ہے ۔ مشکل حالات اس چڑھائی کی مانند ہیں جو بوڑھے انجن کی قوت حرکت سے کہیں زیادہ توانائی کا مطالبہ کرتے ہے ۔ اس کے آتے ہی ریل گاڑی کا سانس پھول جاتا ہے یا تو وہ رک جاتی ہے ، اور یا پھر چیونٹی کی طرح رینگنے لگتی ہے ۔ کبھی کبھی تو یہ احساس ہوتا ہے کہ جیسے پیچھے کی طرف جا رہی ہے ۔ مگر کسی بھی حالت میں چھک چھک نہیں چھوڑتی۔

اور حالات؟ حالات سر کش گھوڑے کی طرح سر پٹ بھاگ رہے ہیں ، ان کو کسی نے ایڑھی لگائی ہے یا خود ہی یہ تیزی دکھا رہے ہیں ۔ اس پر بحث کرنا ابھی بے معنی ہے ۔ دھرنوں کو کامیاب بنانے کے لیے عمران خان نے جو جتن کیے ، انہوں نے غیر متوقع طور پر فریاد کی اس تار کو چھیڑ دیا جو اس ملک کے ہر اوسط درجے کے شہری کے دل میں آہستہ آہستہ بج رہی تھی ۔ حالات اتنے خراب ہو چکے تھے کہ ان تاروں کو عمران خان کی جگہ کوئی اور بھی چھیڑتا تو آواز یہی نکلنی تھی ۔ اس لحاظ سے عمران خان اور طاہر القادری کی ذات بگڑے ہوئے منظر نامے کے حوالے سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتی ۔ معاملہ یہ نہیں ہے کہ کون کہہ رہا ہے ۔ اصل میں یہ دیکھنا ہے کہ کیا کہا جا رہا ہے ۔

جو کہا جا رہا ہے اس کاخلاصہ کچھ ایسا ہے ” موجودہ حکومت کو جلد از جلد ایسی تدابیر کرنی ہوں گی کہ برسوں سے غیر مطمئن اور نو امید ذہن یہ سمجھ لیں کہ ملک میں بہتری کا عمل شروع ہو گیا ہے “۔ یہ جملہ لکھنا آسان ہے مگر حکومت کی ادائیں دیکھتے ہوئے اس پر عمل در آمد ہوتے ہوئے دیکھنا ایک دیوانے کے خواب جیسا لگتا ہے ۔ اس کی بنیادی وجہ مسلم لیگ نواز کی قیادت کے طور طریقے ہیں ، شریف خاندان نے سیاست میں دو قسم کے تجربات حاصل کیے ۔ ایک تجربہ آرام دہ سیاست کا تھا جب تمام ریاستی ادارے مل جل کر نظام کو جیسے تیسے چلانے کی کوشش میں مدد گار کردار ادا کر رہے تھے ۔

تب حزب اختلاف کو لاٹھی گولی کی سر کار خود ہی بھگا دیتی تھی ۔ خود سے ذہن لڑا کر یا سیاسی مخالفین کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت کبھی محسوس نہیں کی گئی تھی ۔ سیاسی زندگی سکون سے چل رہی تھی ۔ دوسرا تجربہ پہلے کے بالکل بر عکس تھا ۔ اسٹبلشمنٹ نے دھکا دیکر طاقت سے نکالا ۔ سیاست سے در بدر کرنے کی کوشش کی اور مخالفین کے ذریعے ایک محاذ کھڑا کیا تاکہ ان کی واپسی کا راستہ بند کر دیا جائے ۔ کچھ عرصے کے لیے دوسرے تجربے کے تحت سیاسی زندگی تکلیف دہ رہی ۔

دونوں تجربات میں بہر حال ایک قدر مشترک ہے اور وہ یہ کہ سیاسی طاقت کا حصول اس کے استعمال اور نتائج کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہم ہے ۔ جب طاقت ہے تو اس میں خوش رہیں کہ ہم طاقت میں ہیں ۔ اور جب طاقت ہاتھ سے پھسل جائے تو اس کو حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ حصول کے بعد خوش رہیں کہ ہم طاقت میں ہیں ۔ اختیار کو بہترین انداز سے حکومت چلانے کا ذریعہ بنانا ، نواز لیگ کی قیادت نے نہیں سیکھا ۔ لہذا آج بھی میاں محمد نواز شریف اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے روشن چہرہ ہوجاتے ۔

 اس پر مطمئن ہیں کہ پارلیمان ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔یہ جان کر راضی ہیں کہ انہوں نے عمران خان کی پارٹی کے مقابلے میں دوگنے ووٹ لیے ہیں ۔ یہ دیکھ کر سکون میں آ جاتے ہیں کہ پنجاب ، مرکز کے علاوہ بلوچستان میں ایک دوست حکومت موجود ہے ۔ آصف علی زرداری کے ساتھ ہاتھ ملا کر خود کو تسلی دیتے ہیں کہ بڑی قوتیں اور سیاسی دھڑے اپنے مفادات کے حصول کے لیے ان کو اڑنگی نہیں دیں گے ۔ میاں صاحب کے لیے یہ بڑی تشفی ہے کہ عسکری قیادت میں امن کے ساتھ نئی تعیناتیاں ہو گئی ہیں ۔ جن جگہوں پر ان کو اپنے سیاسی بند میں دراڑیں پڑتی ہوئی نظر آ رہی تھی اب ان کی نظر میں وہ شگاف تقریبا بھر دیئے گئے ہیں ۔

اسلام آباد میں دھرنے کی حالت زار کو دیکھ کر ان کی آنکھوں کو سکون ملتا ہو گا ۔ وہاں پر نہ تو روس کے زار کے خلاف اٹھنے والی تحریک کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں اور نہ تخت اچھالنے کے لیے بے تاب جنونی جتھے اپنے ہتھیار تیز کرتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ عدالتیں ، سول سو سائٹی ، وکلاءبرادری ، بڑی حد تک مقامی ذرائع ابلاغ اور کافی حد تک بیرونی قوتیں غیر آئینی تبدیلی کے خلاف اپنا موقف واضح کر چکے ہیں ۔ میاں محمد نواز شریف کے تصور میں سیاسی طور پر موافق اور تسلی بخش تصویر کے تمام رنگ موجود ہیں ۔ لہذا وہ اپنی پٹری پر ویسے ہی چل رہے ہیں جیسے پہلے چھک چھک، چھک چھک ۔

چوں کہ ریل گاڑی سیدھی چلتی ہے اور اس کا انجن گردن موڑ کر دائیں بائیں نہیں دیکھ سکتا ۔ لہذا اس کے اطراف میں بننے والی صورت حال سے یہ ہمیشہ نا آشنا رہتا ہے ۔ مگر اس وقت پاکستان میں یہ صورت حال جانے کے بغیر سیاسی سفر جاری رکھنا اور 2018 کے انتخابات تک کی منزل کو پانا مشکل نظر آتا ہے۔ میاں نواز شریف اس سفر کو آسان بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کر سکتے تھے ۔ نئی حکومتوں کو روایتی طور پر نوے دن کا ہنی مون پریڈ دیا جاتا ہے جس میں وہ اپنی بھر پور صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں گھر کرنے کے لیے درجنوں اقدامات کا اجراءکرتے ہیں ۔ دو تین بڑے فلاحی منصوبوں کو سامنے لا کر اچھے دنوں کی افزائش کا بندوبست کرنے میں یعنی طاقت کی مزید پھیلی ہوئی قدرتی پھسلن کی نفی کرتے ہوئے خود کو متوازن حالت میں لانے میں دھرنوں کو 45 دن ہو گئے ۔

 جو نئی حکومت کے ہنی مون کے نصف مدت کے برابر ہیں ۔ چلیں 15 دن افرا تفری ، غیر یقینی اور خوف کی اس کیفیت کو نکال دیں جس میں یہ حکومت ڈوب گئی تھی ۔ ہنی مون کی مدت کے ایک تہائی دن پھر بھی بچتے ہیں ۔ یعنی تقریبا ایک ماہ ۔ اس ایک ماہ میں حکومت نے کیا ایک کام بھی ایسا کیا جس کو سیاسی طور پر نیاکہا جا سکتا ہو ۔اگر تیس دنوں میں تیس عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے جاتے تو آج عوام کوبتانے کے لیے حکومت کے پاس تیس منصوبے ہوتے۔ کیا آپ کسی ایک تبدیلی کو بطور مثال بیان کر سکتے ہیں جو حالات کی نزاکت کے پیش نظر مفید کہی جا سکتی ہو ۔مجھے تو چھک چھک کے علاوہ نہ کچھ دکھائی دیا اور نہ سنائی۔

حکومت کے وزراء( جو بھی دو چار ہیں ) دھاندلی کے الزامات کو رد کرنے پر تحقیقی پرچے لکھ رہے ہیں ۔ کچھ وزیر اعظم ہاﺅس میں عمران خان کی طرف سے کی جانے والی سیاسی گالم گلوچ کا جواب تراش کر شیخیاں مارنے پر خوش ہیں ۔فضول کام ایک ہزار سے زائد جو کرنے کا ہے اس کو کل پر اٹھا رکھا ہے وہ کل جو کبھی نہیں آتی ۔ہوناتو یہ چاہیے تھا کہ تحریک انصاف کے استعفے کے علاوہ تمام مطالبات کو جرگوں کی نذر کرنے کی بجائے پارلیمان میں حقیقی اتفاق رائے بنا کر قانون سازی کے لئے پیش کر دیا جاتا۔

آئینی اور انتخابی اصلاحات کے لئے کیا ان اسمبلیوں کو پاکستان تحریک انصاف یا عوامی تحریک کی طرف سے حملے کا منتظر ہونا چاہیے؟کیا منتخب ایوان یہ سکت نہیں رکھتا کہ دھاندلی کی تحقیقات سے لے کر مستقبل میں انتخابات کروانے کے تمام نظام کو بہترین انداز میں چلانے کے لئے خود سے قانون سازی کر لیں۔احتجاج کرنے والوں کے ساتھ معاہدے کی صورت میں ہونے والی اصلاحات میں عزت ہے یا اپنے ہاتھ سے یہ کام کرنے میں ۔ یہ کیسے غیر دانشمندنمائندگان ہیں جو اصلاحات کا کریڈٹ اپنے سیاسی مخالفین کو دینا چاہتے ہیں اس طرح کابینہ کی تکمیل اور کلیدی اداروں کی تشکیل کے لئے کیا کسی سائنسی تحقیق کی ضرورت ہے کہ وہ جلدی نہیں کیے جا سکتے ۔نا اہل افسران اور سیاسی بوجھ میں اضافہ کرنے والے وزرا ءسے جان چھڑانے کے لیے کیا ملک میں ہنگامے کروانا ضروری ہے۔کیا تھانہ ،کچہری ،اسپتال اور تعلیم کے نظام پر واضح توجہ دینا صرف خون خرابے کے نتیجے میں ممکن ہے ۔کیا اپنے اثاثوں کی وضاحت دینا اخلاقی اور آئینی فرائض میں شامل نہیں ہے کیا وزیر اعظم نواز شریف جم کر وزیر اعظم ہاﺅس میں بیٹھے ہوئے مسلسل فیصلے کرنے کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے کیا اپنی جماعت کے اندر ابلتا ہوا لاوا ان کو نظر نہیں آتا۔

کیا اپنے خاندان ،دوستوں اور رشتہ داروں کے علاوہ ان کو اہم عہدوں پر با صلاحیت افراد متعین کرنا بار گراںلگتا ہے وہ یہ سب کچھ کر سکتے تھے شاید کرنا چاہتے بھی ہوں میرے علم میں نہیں ہے ۔فی ا لحال جو منظر ہمارے سامنے ہے اسی میں ایک بوجھل ٹرین چھک چھک چھک کرتی چلی جا رہی ہے ۔سامنے ایک لمبی چڑھائی ہے اور ارد گرد ہاتھوں میں پتھر تھامے ستائے ہوئے عوام کا برق رفتار ہجوم، اس طرح کا سفر مشکل سے ہی ممکن ہوتا ہے ۔

سورس: www.saach.tv

Post a Comment

Previous Post Next Post