اسلام آباد (ڈان نیوز): پاکستان نے حتف چار شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو900 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو با آسانی نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہین ون اے میزائل روایتی اور جوہری ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شاہین ون اے کا شمارپاکستان کے انتہائی بہترین میزائل سسٹمز میں ہوتا ہے، جس نے بحیرہ عرب میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
آج کیے جانے والے اس میزائل تجربے کے موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان اور اسٹریٹجک فورسز کے سینیئر افسران سمیت سائنسدان اور انجینئرز موجود تھے۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کوان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت پر مبارکباد دی۔
میزائل کے کامیاب تجربہ پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔
Post a Comment