"I like the slogan “Go Nawaz Go”, but we are not in hurry – Zardari says



پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ’حکومت تبھی گرے گی جب ہم انہیں گرائیں گے‘ لیکن وہ سازش کا حصہ بن کر جمہوریت کی کشتی نہیں ڈبوئیں گے۔

اتوار کو لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 47ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نےکہا کہ اسلام آباد میں چار ماہ سے سیاسی ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کے مطابق انھوں نے کہا کہ وہ اس ڈرامے سے متاثر ہوکر جمہوریت کو گرانا نہیں چاہتے کیونکہ نواز شریف کی حکومت ’میرے عزیز ہم وطنوں والوں‘ سے بہت بہتر ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بدترین جمہوریت بھی مارشل لا سے بہتر ہے جبکہ آج کی سیاست میں کافی بھٹکے ہوئے بچّے موجود ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی کی سیاست میں فرق ہے اور ’حکومت جب بھی گری اسے ہم گرائیں گے اور جب بنی تو ہم ہی بنائیں گے۔ ‘

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’گو نواز گو کا نعرہ میرے کارکنوں کو بھی اچھا لگتا ہے۔ تاہم ہمیں کوئی جلدی نہیں۔‘

عمران خان کی حکومت مخالف مہم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جماعت کے شریک چیئرمین نے کہا کہ ’کپتان کو بولنگ کرنے دو۔ جب کپتان پچ ٹھیک کر لے گا تب ہم آ جائیں گے۔‘

آصف زرداری نے کہا کہ ’آج کی سیاست میں بہت بھٹکے ہوئے بچّے ہیں‘ اور تھرڈ امپائر کی بات کرنے والوں کی کرکٹ پر بھی شک ہوتا ہے: ’لگتا ہے انہوں نے ساری کرکٹ تھرڈ امپائر کے سر پر کھیلی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ کپتان (عمران خان) بین الااقوامی سیاست نہیں سمجھتے اور بہتر ہوگا کہ وہ کسی استاد سے صلاح لیں۔

سابق صدر نے کہا کہ وہ پارٹی کے اندر اور باہر موجود ’بھیڑیوں‘ کے بارے میں آگاہ ہیں اور’اپنوں اور غیروں سے بچا کر‘ پارٹی کو آگے لے کر جائیں گے ۔ BBC Urdu

Post a Comment

Previous Post Next Post