Ex-husband of Reham Khan defends Reham’s allegations – read full>>



ریحام خان کے الزامات ، سابق شوہر بھی میدان میں آگئے ، واضح تردید


لندن (ڈیلی پاکستان) چند روز قبل ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران اینکر نے عمران خان کی اہلیہ ریحام خان سے کہا کہ آپ سے متعلق تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ پہلی شادی کے دوران آپ کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا جس پر ریحام خان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے میں اپنے ماضی سے خوفزدہ نہیں، خواتین پر گھریلو تشدد ایک بڑا ایشو ہے لیکن پاکستان میں اس پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی نجی زندگی میں تشدد کا شکار ہونے کا کبھی تذکرہ نہیں کیا کیونکہ وہ خود میڈیا میں ہیں اور پہلے شوہر کو نشانہ بنانا شاید ناانصافی ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی شادی کے دوران ہونے والے تشدد کے باعث ہی میں عمران خان کی آفر قبول کرنے میں ہچکچکاہٹ کا شکار تھی۔ جب اپنے بھائی سے اس بارے میں بات کی تو ان کو بھی صرف یہی خوف تھا کہ کہیں پہلی شادی کی طرح اس مرتبہ بھی تشدد کا نشانہ نہ بنایا جائے تاہم ریحام خان کی اس گفتگو کے بعد ان کے پہلے شوہر ڈاکٹر اعجاز رحمان بھی منظر عام پر آگئے ہیں اور ریحام خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
انہوں نے برطانوی اخبار ”ڈیلی میل“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آج تک کوئی بھی ایسا اقدام نہیں کیا جسے گھریلو تشدد کہا جائے۔ ان کے مطابق انہوں نے ہمیشہ اپنے بچوں کا پورا خیال رکھنے کی کوشش کی اور ان کی بیگم ریحام خان کو ہر طرح کی آزادی حاصل تھی۔
ڈاکٹر اعجاز رحمان جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں، کا کہنا تھا کہ انہیں یہ الزامات سن کر شدید دھچکا لگا ہے۔ ان کے مطابق وہ برطانیہ کی ”نیشنل ہیلتھ سروسز“ میں بہت سینئر پوزیشن پر فائز ہیں اور اگر ریحام خان کے الزامات میں ذرا سی بھی سچائی ہوتی تو انہیں اب تک اس عہدے سے ہٹایا جاچکاہوتا اور انہیں پریکٹس کرنے کی بھی اجازت نہ ہوتی۔

سورس: http://dailypakistan.com.pk/national/14-Jan-2015/183158

Post a Comment

Previous Post Next Post