قومی مفاد، خود مختاری اورملکی وقار پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، سربراہ پاک فوج
کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن سے رہناچاہتا ہے لیکن اس کے لئے قومی مفادات، خود مختاری اور وقار پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔
پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرکی گئیں ٹوئٹس کے مطابق آرمی چیف نے پاک بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے لیکن اس کے لئے قومی مفادات، خود مختاری اور وقار پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، ہم اپنے ملک اور اس کے مفادات کی حفاظت کے لئے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں، چاہے وہ کشمیر ہو، نئی بندرگاہوں کی تعمیر یا قدرتی وسائل کی ترقی۔ پاک چین اقتصادی راہداری ملک کے عوام کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، چاہےکوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے،اقتصادی راہداری ضرور بنے گی۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں، فاٹا اور کراچی کی صورتحال سے بھی دشمن کے ناپاک ارادے ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں لیکن یہ جنگ تنہا مسلح افواج نہیں جیت سکتی۔ یہ بات انتہائی لائق تحسین ہے کہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔
ایکسپریس نیوز
Post a Comment