Speaking against PCB, Cricket Board gave 70 lac rupees to shut ShaibAkhtar mouth – read more >>



کراچی: شعیب اختر کو عید سے قبل ہی پی سی بی کی جانب سے 70 لاکھ روپے’’عیدی‘‘ مل گئی، بورڈ نے طویل تنازع حل کرتے ہوئے اپنے خلاف گرجنے والی ایک اور توپ کو خاموش کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کیریئر میں شعیب اختر اور تنازعات کا چولی دامن جیسا ساتھ رہا،جنوبی افریقہ میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007 سے قبل انھوں نے ساتھی بولر محمد آصف کو بیٹ دے مارا تھا،بعد میں بھی وہ بورڈ اور مینجمنٹ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا کر معاہدے کی دھجیاں اڑاتے رہے، پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی نے ان پر جرمانے کے ساتھ18ماہ کی پابندی عائد کردی تھی، 2009میں ان کی سالانہ آمدنی سے 70 لاکھ روپے منہا کر لیے گئے، سابق پیسر کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ نے رواں سال بورڈ کو حکم دیا کہ شعیب کو رقم واپس دی جائے،گوکہ پی سی بی کے پاس سپریم کورٹ جانے کا آپشن موجود تھا مگر معاملہ ختم کرنے کیلیے گذشتہ روز انھیں رقم واپس کر دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ شعیب اختر نے لاہور میں چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی و ودیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی، واپسی پر ان کی جیب میں 70 لاکھ روپے کا چیک بھی موجود تھا، شعیب کا شمار پاکستان کرکٹ کے بڑے ناقدین میں ہوتا ہے، ان سے تعلقات ’’خوشگوار ‘‘ بنانے کا پی سی بی کو ہی فائدہ ہوگا، ذرائع نے مزید بتایا کہ مستقبل میں بولرز کیمپ سمیت مختلف پروجیکٹس میں شعیب اختر کو شامل کیا جائے گا، پیسر بھی بورڈ حکام سے ملاقات کے بعد خوش خوش واپس گئے، جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے ان سے تفصیلات جاننے کیلیے رابطہ کیا تو انھوں نے 2منٹ بعد کال بیک کرنے کا کہا مگر رات گئے تک وہ ’’2منٹ‘‘ پورے نہیں ہو سکے تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post