Afghan govt requests #Pakistan to keep Afghan refugees for 4 more years

افغان حکومت کی پاکستان سے 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین کے قیام میں 4 سال توسیع کرنے کی درخواست

پشاور(صباح نیوز) افغان حکومت نے پاکستان سے 15 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی مدت قیام میں 2020ء  تک قانونی طور پر توسیع کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قانونی قیام کی مدت رواں سال جون کے آخر تک ختم ہورہی ہے۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے مہاجرین کے وزیر سید حسین علمی بلخی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے پاکستانی حکومت سے افغان مہاجرین کی مدت قیام میں 4 سال کی توسیع کی درخواست کی تاہم حکومت نے درخواست کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔افغان حکومت کی جانب سے درخواست ایسے موقع پر کی گئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں باہمی شکوک، بالخصوص سرحدی تنازعات اور دہشت گردوں کی سرحد پار سرگرمیوں کی وجہ سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔

پاکستان، افغان حکومت کی درخواست پر 2009ءسے تیس لاکھ سے زائد رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ایک دوسرے عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی مدت قیام میں 2017ء تک توسیع کے لیے تیار ہے، یہ پیشکش کابل میں مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے سہ فریقی اجلاس کے دوران کی گئی تھی ۔

اس سے قبل وزیراعظم نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 6ماہ کی عارضی توسیع کی تھی ۔ عین ممکن ہے وزیر اعظم مہاجرین کی قیام کی مدت میں ایک بار پھر 6ماہ کی توسیع کردیں۔


Post a Comment

Previous Post Next Post