آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان، 600 ٹینکرز کی روانگی معطل
کراچی (آئی این پی 24 جولائی 2017) آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیر مین میر یوسف شاہوانی نے سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی، اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویئے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوں گے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے، ٹرانسپورٹروں کا استحصال ہو رہا ہے۔پیر کو آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیر مین میر یوسف شاہوانی نے سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری
کٹوتی، اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویئے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف آج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوں گے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکر مالکان حکومت کو 3ماہ کا ایڈوانس ٹیکس ادا کرتے ہیں مگر حکومت انہیں ریلیف دینے کے بجائے استحصال کررہی ہے۔چیرمین آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے کہا کہ موٹر وے پولیس جرمانے عائدکرنے پر لگی ہوئی ہے، پنجاب میں پٹرولنگ پولیس کی جانب سے آئل ٹینکر کو ہراساں کیا جاتا ہے جب کہ سندھ میں ایکسائز پولیس کی بھتہ خوری وغنڈہ گردی عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہا وزارت پٹرولیم نے جب سے آئل ٹینکرز سے متعلق امور اوگرا کے سپر د کیے ہیں تب سے آئل ٹینکر مارکیٹنگ کمپنیوں اوگرا اور آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کی کوئی بھی مشترکہ میٹنگ نہیں بلائی گئی، صرف بند کمروں میں احکامات جاری کیے جارہے ہیں جس سے ٹرانسپورٹروں کا استحصال ہو رہا ہے۔میر یوسف شاہوانی نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات منظور کیے جائیں۔دوسری جانب آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد کیماڑی اور پورٹ قاسم سے ملک بھر کے لیے تیل کی ترسیل تقریبا معطل ہوگئی۔کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما بابر اسماعیل نے کہنا ہے کہ کیماڑی سے ملک بھر کے لیے 600 ٹینکرز کی روانگی رک گئی ہے اور پورٹ قاسم سے تقریبا 300 ٹینکرز کی نقل وحمل معطل ہوچکی ہے جب کہ محدود تعداد میں پی ایس او کے ٹینکرز سے تیل کی سپلائی جاری ہے۔
Post a Comment