پشاور میں پولیس کی گاڑی پر بم حملہ، گلگت سے تعلق رکھنے والے ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور محافظ سمیت شہید
پشاور (نمائندہ ٹائمز آف چترال 24 نومبر2017 ) پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس کی گاڑی کو دہشت گردوں کی جانب سے ٹارگٹ بنایا گیا ہے۔ گاڑی کے قریب زور دار دھماکے سے ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد اشرف نور اور ان کا ایک محافظ شہید ہوگئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ چاروں زخمی اہلکاروں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔ شہید ہونے والے آئی جی کا تعلق گلگت بلستان سے تھا۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اشرف نور گھر سے آفس جا رہے تھے کہ تاتارا پارک کے قریب ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور اور ان کا ایک محافظ موقع پر ہی شہید ہوگئے دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
دھماکے کی زد میں آنے والی پولیس کی دوسری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 4 زخمی اہلکاروں کو منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
حیات آباد میں دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والےاداروں نےعلاقےکو گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو جائے وقوع کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا جبکہ جائےوقوع سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں اور دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی اشرف نورکمانڈنٹ ایلیٹ فورس سمیت مختلف اہم عہدوں پر بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
اصل اشاعت : سورس
اصل اشاعت : سورس
Post a Comment