کرٹیسی جیونیوز
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی لاشیں ڈیفنس میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی ہیں۔
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی لاشیں ڈیفنس میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی ہیں۔
صوبائی وزیر کے خاندانی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ڈیفنس فیز 5، خیابان شہباز میں واقع ان کے گھر سے برآمد ہوئیں، لاشوں پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ فائرنگ گھر میں سے ہی کسی نے کی یا کوئی باہر سے آیا۔
اہلخانہ کے قریبی ذرائع کے مطابق دن 12 بجے کے قریب صوبائی وزیر کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا، تاہم نہ کھلنے پر دروازہ توڑا گیا، جہاں میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں موجود تھیں۔
میر ہزار خان بجارانی کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی میر شبیر بجارانی کو اس واقعے کی اطلاع بلاول ہاؤس میں ملی، جو وہاں سینیٹ انتخابات کے ٹکٹ کے سلسلے میں انٹرویو کے لیے موجود تھے۔
اس سے قبل ایس پی کلفٹن نے بتایا تھا کہ مددگار 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ڈیفنس میں واقع ایک گھر میں 2 لاشیں موجود ہیں۔
جس کے بعد پولیس نے پہنچ کر جائے وقوع کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔
جائے وقوع سے ایک 30 بور کی پستول ملی ہے، راجہ عمر خطاب
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) کے انچارج راجہ عمر خطاب نے بتایا ہے کہ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رازق کی لاشیں بیڈ روم سے متصل اسٹڈی روم سے ملیں، میر ہزار خان کی کنپٹی پر گولی لگی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میر ہزار خان کو ایک گولی کنپٹی پر لگی ، موقع سے چار گولیاں بھی ملی ہیں جو مس فائر ہوئیں ، تیس بور کے جس پستول سے گولیاں چلائی گئیں وہ بھی مل گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گولی اب بھی جائے وقوع سے برآمد ہونے والی پستول کے چیمبر میں پھنسی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فریحہ رزاق کی لاش زمین پر جبکہ میر ہزار خان بجارانی کی لاش صوفے پر پائی گئی جبکہ دونوں کو ایک ایک گولی لگی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بھی دیگر وزراء کے ہمراہ میر ہزار خان بجارانی کے گھر پہنچ گئے۔
پیپلز پارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی نے میز ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔
Post a Comment