لاڑکانہ – دنیا میں ہر منٹ میں 380 خواتین حاملہ ہوتی ہیں ،190 خواتین کے پاس نئی زندگی کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں: ڈاکٹرانیلا عطاء الرحمن
لاڑکانہ (اکتوبر 9, 2018) لاڑکانہ میں خاندانی منصوبہ بندی کے عالمی دن کے موقع پر شیخ زید وومن اسپتال میں منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے لیڈی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہر منٹ میں 380 خواتین حاملہ ہوتی ہیں جن میں سے 190 خواتین کے پاس نئی زندگی کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں، 40 خواتین غیر محفوظ طریقے سے بچے زچگی کرواتی ہیں جبکہ دنیا میں ہر منٹ میں ایک خاتون زچگی کے دوران موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطاالرحمٰن کی زیر صدارت شیخ زید وومن اسپتال میں ایسوسی ایشن آف آبسٹریٹیشن اینڈ گائنو کولاجسٹ پاکستان کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی پروفیسر ڈاکٹر رفیعہ بلوچ اور ماہر ڈاکٹر شاہدہ مگسی نے کہا کہ ہمارے مذہب میں بھی کہا گیا ہے کہ ایک ماں پر اس کے بچے کا حق ہے تو اس بچے کو کم از کم دو سال تک ماں کا دودھ پلایا جائے اس کے پیچھے ایک فلسفہ ہے کہ دوسرے بچے کے لیے بھی کم از کم دو سال کا وقفہ لازمی ہونا چاہیے۔
سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطاالرحمٰن نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پاکستان میں موجود میڈیکل یونیورسٹیوں میں پہلی خواتین وائس چانسلر ہوں، آج سیکھنے اور سکھانے کے معیار مٹتے جارہے ہیں اور ہماری بھی کوشش ہے کہ دنیا میں جو طب کے حوالے سے معیار ہیں ان کی پاسداری کریں۔
سیمنار میں ڈاکٹر شائستہ حفاظ ابڑو، پروفیسر ڈاکٹر سعیداحمد شیخ، پی ایس مشتاق احمد میرانی، میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالصمد بھٹی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطاالرحمٰن نے شیخ زید وومن اسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں پر انہیں یونیورسٹی کی ڈین اور یونٹ انچارج پروفیسر ڈاکٹر رفیعہ بلوچ نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
Post a Comment