Mobile thief's voice of conscience موبائل چور کے ضمیر کی آواز


چین میں ایک موبائل چور نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے چوری کردہ آئی فون سے 11 صفحات پر مشتمل فون نمبروں کی فہرست تیار کر کے اس کے مالک کو بھیجی ہے۔

اطلاعات کے مطابق موبائل چوری کا یہ واقعہ چین کے صوبہ ہنان میں اس ماہ کے اوائل میں پیش آیا اور موبائل چور نے شوبن نامی شخص کا آئی فون اس وقت چرایا جب وہ اکٹھے ایک ٹیکسی میں سفر کر رہے تھے۔

شوبن نے موبائل چور کو اپنے موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے سخت پیغام بھیجتے ہوئے کہا کہ ’یقین کریں میں آپ کو ڈھونڈ نکالوں گا۔اگر آپ سمجھ دار ہیں تو دیے گئے پتے پر فون مجھے واپس بھیج دیں۔‘

شوبن مشروبات کی ایک کمپنی میں کام کرتے ہیں۔ انھیں آئی فون سے زیادہ فون میں موجود اپنے ڈیٹا کی فکر تھی۔

انھوں نے موبائل چور کو ایس ایم ایس کیا کہ اگر وہ اس کے موبائل سیٹ پر فون نمبروں کی فہرست دیکھ لیں تو انھیں اندازہ ہو جائے کہ وہ ان کے ساتھ ایسا نہیں کر سکتے۔

انھوں نے کہا کہ ’میرے فون نمبروں کی فہرست دیکھ لو آپ کو پتا چل جائے گا کہ میں کون ہوں۔‘


موبائل چوری کے کچھ دن بعد شوبن کو ایک پارسل موصول ہوا جس میں ان کا سم کارڈ اور 11 صفحات پر مشتمل احتیاط کے ساتھ ہاتھ سے لکھی گئی فون نمبروں کی فہرست تھی۔

انھوں نے چینی میڈیا کو بتایا کہ وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

ژو بن نے کہا کہ ’ایک سے لے کر ایک ہزار تک لوگوں کے نام اور ٹیلی فون نمبر لکھنے پر کافی وقت لگتا ہے۔ میرے خیال میں فون نمبروں کی فہرست لکھتے ہوئے موبائل چور کے ہاتھ سوج گئے ہوں گے۔‘

انٹر نیٹ کے چینی صارفین نے انٹر نیٹ پر موبائل چور کے اقدام کو سراہا ہے اور اسے ’چوری کی صنعت میں ضمیر کی آواز‘ قرار دیا ہے۔ بعض لوگوں نے موبائل چور کا پیلپز لیبریشن آرمی کے لی فنگ سے موازنہ کیا ہے جنھیں مثالی شہری سمجھا جاتا ہے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post