China will invest 30 billion rupees in #Pakistan - چین پاکستان میں 30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا



لاہور (روزنامہ پاکستان ) چین آئندہ 5 سال کے دوران پاکستان میں 30 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے حالیہ دورہ کے دوران چین نے آئندہ پانچ سال تک پاکستان میں ہر سال ساڑھے چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ سرمایہ کاری زیادہ تر ملک بھر میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کی جاے گی۔اس حوالے سے یہ طے بھی ہوا کہ لاہور میں ایک ارب سات کروڑ ڈالر سے لائیٹ ریل کا منصوبہ مکمل کیا جائےگا۔ چینی حکام، سرمایہ کاروں اور کنٹریکٹر کمپنیوں کے مالکان سے ملاقاتوں کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کو لائٹ ریل منصوبے پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس پراجیکٹ کی فنانشل اور ٹیکنیکل فزیبلٹی سٹڈی کے لئے چینی وفد جلد لاہور کا دورہ کرے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور میں لائٹ ریل منصوبہ چین کے وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی کے باعث منظور ہوا اور بتایاگیا کہ یہ اہل لاہور کے لئے چینی عوام کی طرف سے خصوصی تحفہ ہو گا۔ وزیر اعظم چین نے اس امر کا اظہار بھی کیا کہ پاک چین دوستی ایک لازوال رشتہ ہے، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور اتحاد و یکجہتی کی بے مثال لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے پاکستانی طالب علموں کو چینی زبان سیکھانے کے لئے ابتدائی طور پر 300 سے 500 طالب علموں کو چین بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، یہ سلسلہ ہر سال جاری رہے گا اور طالب علموں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

روزنامہ پاکستان سے

Post a Comment

أحدث أقدم