میری ڈکشنری میں پلان ڈی کا مطلب ڈیویلپمنٹ ہے:نواز شریف
بی بی سی اردو: وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ڈی سے ڈیولیپمنٹ بھی ہے اور ڈسٹرکشن یعنی تباہی بھی لیکن انھوں نے صرف ترقی والا پلان ڈی یاد رکھا ہوا ہے۔
یہ بات انھوں نے صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں اسلام آباد لاہور موٹروے کی مرمت کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا ’میری ڈکشنری میں ڈسٹرکشن والی ڈی نہیں ہے۔ ڈسٹرکشن والی ڈی جس کے پلان کا حصہ ہے اس سے اللہ ملک کو محفوظ رکھے۔‘
انھوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ موٹر وے سامان سے لدے ٹرکوں کے لیے بنی تاکہ وہ محفوظ ٹائروں کے ساتھ اس پر سفر کریں لیکن انھی محفوظ ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکیں بند کی جا رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کراچی سے لاہور تک کی موٹر وے پر بھی جلد کام شروع ہو جائے گا۔
انھوں نے اعلان کیا کہ موٹر وے کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ صنعتی علاقے بنائے جائیں گے جس کی سٹڈی پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔
ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ اگلے دو سالوں میں بلوچستان کے ہر شہر میں گیس فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نہ صرف موٹر وے کی مرمت کرے گی بلکہ حکومتِ پاکستان کو 206 ارب روپے بھی دے گی۔
اس سے قبل فرنٹیئر ورک آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد افضل نے بریفنگ میں بتایا کہ ایف ڈبلیو او اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی مل کر ایم ٹو موٹر وے کی مرمت کا کام مکمل کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایف ڈبلیو او اگلے 20 سالوں تک موٹر وے کی دیکھ بھال کرے گی۔
إرسال تعليق