(نیوز ڈیسک) گارڈن ٹاؤن کے علاقہ میں دو چینی خواتین کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور غیر ملکی کرنسی ، پاسپورٹ و دیگر سامان لوٹ کرفرار ہو گئے، دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے، اس واقعہ کے بعد پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیراعلی پنجاب نے غیر ملکی خواتین کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ شہر بھر میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سی آئی اے پولیس سمیت دیگر ادارے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مار رہے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ چینی خواتین 47سا لہ ر کسن اور45سا لہ زنگ زونگ اسلام آباد میں کسی کام کے سلسلے میں آئی ہوئی تھیں جس کے بعد وہ لاہور آگئیں اور یہاں گارڈن ٹاؤن کے ایک ہوٹل میں رہائش پذیر تھیں۔ وہ گزشتہ روز کلمہ چو ک کی طرف جارہی تھیں کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار ڈاکوؤں نے ان سے گن پوائنٹ پر بیگ چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر ان پر فائرنگ کر دی جس سے یہ دونوں خواتین زخمی ہو گئیں،ان کو فوری مقامی ہسپتال میں طبی امداد کیلئے بھجوا دیا گیا جبکہ اطلاع ملتے ہی تمام پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں،انہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور موقع سے شواہد اکھٹے کیے ۔ واضح رہے کہ اس دوران عزم پاکستان کی پریڈ بھی لبرٹی میں جاری تھی جہاں تمام پولیس مصروف تھی، اسی دوران واقعہ ہونے کی وجہ سے پولیس کو کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا وزیراعلی پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد پولیس افسران نے شہر کی ناکہ بندی کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمں بنا دی گئی ہیں۔
إرسال تعليق