شدید بارش سے میٹرو بس سٹیشنز تالاب بن گئے، مسافروں کو شدید مشکلات
نکاسی آب کا نظام ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے میٹرو بس سٹیشنز پانی سے بھر گئے، پھسلن سے کئی مسافر گر کر زخمی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مون سون کی بارش نے راولپنڈی و اسلام آباد کے میٹروبس سٹیشنوں کی قلعی کھول کر رکھ دی بارش سے میٹرو بس کے تمام سٹیشنز تالاب کا منظر پیش کرتے رہے جبکہ مسافر ہر سٹیشن پر تکلیف کے باعث میٹرو بس عملے اور حکومت کو کوستے رہے۔
جڑواں شہروں میں برکھا برسی تو شہروں نے سکھ کا سانس لیا لیکن جونہی شہریوں نے اپنے کام کاج کیلئے تیاری پکڑی تو تمام میٹروبس سٹیشنز پانی میں تیر رہے تھے جبکہ الیکٹرک لفٹ بھی پانی میں ڈوبی رہی۔ دوسری جانب میٹرو بس کی صفائی کا بڑا عملہ بھی مسافروں کا سٹیشن پر پھسلن کا تماشا دیکھتا رہا جس سے مسافروں کے غصہ میں مزید اضافہ ہو گیا اور وہ میٹروبس عملے سمیت حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔
بارش کے باعث میٹرو بس سٹیشنوں کے نکاسی آب کا نظام ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے میٹرو بس سٹیشنز صدر، مری چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، وارث خان، سنٹرل ہسپتا ، رحمان آباد، سکستھ روڈ، شمس آباد، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، پوٹھوہار روڈ، خیابان جوہر، فیض احمد فیض روڈ، کشمیر ہائی وے، چمن روڈ، ابن سینا روڈ، کچہری، پمز، سعودی پاک ٹاور، سیونتھ ایونیو، شہید ملت روڈ، پریڈ گراﺅنڈ اور سیکرٹریٹ تک تمام سٹیشنز بارش کے پانی میں ڈوبے رہے جس سے مسافروں کو شدید تکلیف کا سامنا رہا۔
دنیا نیوز
إرسال تعليق